پاکستان نے بین الاقوامی لیبر کانفرنس میں مزدوروں کے مکمل تحفظ کے لئے بھرپور عزم کا اعادہ کیا

پاکستان نے بین الاقوامی لیبر کانفرنس میں مزدوروں کے  مکمل تحفظ کے لئے بھرپور عزم کا اعادہ کیا

جنیوا، وزارت برائے سمندرپار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چوہدری سالک حسین نے ملک کے مزدور طبقے کے سماجی اور معاشی تحفظ کے لیے کوششوں کو بڑھانے کے لیے پاکستان کےبھر پور عزم کا اعادہ کیا ہے۔ آج جنیوا میں ہونے والی انٹرنیشنل لیبر کانفرنس کے 113ویں اجلاس میں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کے ہمراہ پاکستان کے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ان اقوام میں شامل ہے جہاں مزدوروں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جاتا ہے۔ چوہدری سالک حسین نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل اکانومی بالخصوص کاریگروں کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے نوجوانوں کو مارکیٹ سے متعلقہ مہارتوں، علم اور تعلیم سے آراستہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جس سے وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر روزگار کو محفوظ بنانے کے قابل ہوئے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان اندرون اور بیرون ملک کام کرنے والوں کو یکساں مواقع فراہم کرتے ہوئے سماجی اور معاشی انصاف کو برقرار رکھے گا۔ کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر ، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل، گلبرٹ ایف ہونگبو نے سماجی تحفظ، پیشہ ورانہ صحت اور حفاظت، اور کارکنوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع کو یقینی بنانے کے لیے ILO اور اس کے رکن ممالک کے اجتماعی عزم پر زور دیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ افتتاحی اجلاس میں 187 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ اس اہم کانفرنس میں ایک جامع ایجنڈا پیش کیا جائے گا اور ساتھ ساتھ مختلف موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا 13 جون کو یہ کانفرنس اختتام پزیر ہو گی کانفرنس میں سماجی ترقی کے لیے دوسری عالمی سربراہی کانفرنس میں ILO کی مجوزہ شراکت پر بھی غور کیا جائے گا۔