جعلی تصاویر فحش ویب سائٹ پر دیکھ کر شدید صدمہ ہوا: جہانوی کپور کا انکشاف

آئی ٹی کلاس کے دوران میں نے اپنی تصاویر ایسی ویب سائٹس پر دیکھیں

جعلی تصاویر فحش ویب سائٹ پر دیکھ کر شدید صدمہ ہوا: جہانوی کپور کا انکشاف

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ Janhvi Kapoor نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کم عمری میں اپنی جعلی تصاویر ایک فحش ویب سائٹ پر دیکھیں جس سے وہ شدید ذہنی صدمے کا شکار ہو گئی تھیں۔ ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جہانوی کپور نے بتایا کہ "یہ واقعہ میرے اسکول کے دنوں میں پیش آیا جب آئی ٹی کلاس کے دوران میں نے اپنی تصاویر ایسی ویب سائٹس پر دیکھیں۔ یہ مکمل طور پر ڈیپ فیک جیسا مواد تھا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اس تجربے نے مجھے کم عمری میں شہرت کے منفی پہلوؤں کا احساس دلایا۔" انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عوامی شخصیت ہونے کی قیمت یہی ہے کہ ایسے غیر اخلاقی مواد کو برداشت کیا جائے؟ جہانوی کپور نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کی گئی جعلی تصاویر اور ویڈیوز پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ایسی تصاویر اور ویڈیوز بھی گردش میں ہیں جو مکمل طور پر مصنوعی ہیں مگر انہیں حقیقت کے انداز میں پیش کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات بڑے بڑے خبر رساں ادارے بھی انہیں شیئر کر دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال سے پیشہ ورانہ مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں کیونکہ مستقبل میں ہدایتکار ایسے جعلی مواد کو بنیاد بنا کر فنکاروں پر دباؤ ڈال سکتے ہیں۔