ای-کمپلیکس ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں ڈائریکٹر نیوٹیک سندھ عزیز چانڈیو کا وزٹ

وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے طلبا و طالبات سے ملاقات، ادارے کی کارکردگی کو سراہا

ای-کمپلیکس ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں ڈائریکٹر نیوٹیک سندھ عزیز چانڈیو کا وزٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) سندھ کے ڈائریکٹر عزیز چانڈیو نے ای-کمپلیکس ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ گلشنِ حدید کا اچانک دورہ کیا۔ تعلیمی معیار کو جانچنے کے لئے کراچی کے مختلف انسٹیٹیوٹ کا بھی اچانک دورہ کیا گیا، ان کا یہ دورہ وزیراعظم یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ٹیکنیکل کورسز کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا۔ وزٹ کے دوران ڈائریکٹر نیوٹیک نے ویب ڈویلپمنٹ اور بیوٹیشن کورسز کی کلاسز کا تفصیلی معائنہ کیا اور طلبا و طالبات سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے نہ صرف ان کی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں استفسار کیا بلکہ ان کے خیالات اور تجربات بھی سنے۔ عزیز چانڈیو نے طلبہ سے ان کی اب تک کی سیکھنے کی پیش رفت، تربیت کی افادیت اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق سوالات کیے۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "ای-کمپلیکس ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ یہاں کے اساتذہ، انتظامیہ اور طلبہ سب انتہائی محنت اور سنجیدگی کے ساتھ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اہداف کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ اس طرح کے ادارے ہمارے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ملک کے معاشی مستقبل کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔" عزیز چانڈیو نے مزید کہا کہ نیوٹیک کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی فنی تعلیم و تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں اور قومی معیشت میں مؤثر کردار ادا کریں۔ انسٹیٹیوٹ کے ایڈمنسٹریٹر زاہد اقبال بھٹہ، پرنسپل چوہدری حماد کاہلوں، فوکل پرسن و کوآرڈینیٹر میڈم فوزیہ زاہد، وائس پرنسپل محمد نعمان اور ایڈمن جبران چنا نے ڈائریکٹر نیوٹیک کو ادارے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی وزٹ کروایا اور بریفنگ دی۔ وزٹ کے اختتام پر عزیز چانڈیو نے انسٹیٹیوٹ کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ یہ دورہ نہ صرف ای-کمپلیکس کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوا بلکہ طلبہ میں مزید لگن اور جذبہ پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بنا۔