چین کا جدید ڈرون بردار طیارہ ’جیو تیان‘، جو 100 خودکش ڈرونز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے

چین کا جدید ڈرون بردار طیارہ ’جیو تیان‘، جو 100 خودکش ڈرونز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے

بیجنگ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چین نے اپنے جدید اور منفرد بغیر پائلٹ فضائی نظام ’جیو تیان‘ (Jiu Tian) کو رواں سال جون کے آخر میں پہلے عملی مشن پر بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ جدید ڈرون طیارہ سب سے پہلے نومبر 2024 میں ژوہائی ایئر شو میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ ’جیو تیان‘ ایک جیٹ انجن سے چلنے والا، دور مار کرنے والا بغیر پائلٹ فضائی جہاز ہے جو 15 ہزار میٹر (تقریباً 50 ہزار فٹ) کی بلندی تک پرواز کرنے اور لگ بھگ 7,000 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ڈرون 16 ٹن وزن کے ساتھ پرواز کر سکتا ہے، جبکہ 6 ٹن تک ہتھیار، ’لوئٹرنگ ایمونیشن‘ یا خودکش ڈرونز اٹھانے کی گنجائش بھی رکھتا ہے۔ اس طیارے کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس کے اندر 100 کے قریب چھوٹے ڈرونز یا حملہ آور آلات رکھے جا سکتے ہیں، جو پرواز کے دوران لانچ کیے جا سکتے ہیں۔ یہ تمام ڈرونز ایک ساتھ دشمن کے دفاعی نظام پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جسے ’سوارمنگ ٹیکنالوجی‘ کہا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سسٹم روایتی فضائی دفاعی نظاموں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے، کیونکہ بیک وقت حملہ کرنے والے متعدد خودکار یونٹس کو روکنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔