بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن بند کرنے کا اعلان

بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن بند کرنے کا اعلان

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور اٹاری چیک پوسٹ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے بعد بھارت نے سارک کے تحت پاکستانی شہریوں کو دی جانے والی ویزا سہولت بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ تمام پاکستانیوں کے بھارتی ویزے منسوخ کیے جا رہے ہیں، اور بھارت میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق بھارت میں موجود پاکستانی شہری یکم مئی تک اٹاری چیک پوسٹ کے ذریعے واپس جا سکتے ہیں۔ بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن میں تمام دفاعی، فوجی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا ہے اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارت نے اپنے دفاعی اتاشی کو بھی پاکستان سے واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کے تمام عملے کو 7 دن کے اندر واپس جانا ہوگا، جبکہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ بھی محدود کر دیا جائے گا، اور یکم مئی تک بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 55 سے کم کر کے 30 کر دی جائے گی۔