’جن پر انگلی اٹھا رہے ہیں، انہی کے ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے‘ بلاول کی تنقید پر رانا ثناء اللہ کا ردعمل

’جن پر انگلی اٹھا رہے ہیں، انہی کے ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے‘ بلاول کی تنقید پر رانا ثناء اللہ کا ردعمل

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے مسلم لیگ (ن) پر شدید تنقید کے بعد وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے اپنا ردعمل دیا ہے۔ اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بیانات دیتے وقت ایک حد کا خیال رکھنا چاہیے، دوسروں کا احترام ہر صورت ضروری ہے۔ جن افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہی کی حمایت سے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو کسی قسم کے نقصان کا سامنا نہیں ہوگا، پانی کی ایک بوند بھی چوری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ سندھ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے، یہ معاملہ وزیر اعظم کے علم میں لایا جا چکا ہے اور وہ اس پر مناسب قدم اٹھائیں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بلاول نے جو بات جلسے میں کہی، وہ تقریر کے جوش میں کہی گئی۔ ایسے مواقع پر بعض اوقات سخت باتیں بھی ہو جاتی ہیں۔ تاہم، ردعمل دینے سے گریز ہی بہتر ہے، بیانات کو ایک دائرے میں رہتے ہوئے دیا جانا چاہیے، اور ایک دوسرے کی عزت کا خیال رکھنا لازمی ہے۔