وزیراعظم سے وزیر داخلہ کی ملاقات، امن وامان سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے وزیر داخلہ کی ملاقات، امن وامان سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے علاوہ غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا اور مجوزہ نہروں سے متعلق عوامی ردعمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی، وزیرداخلہ نے ملاقات میں امن و امان سمیت سیاسی صورتحال پربریف کیا۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے شہباز شریف کو افغانیوں کی واپسی کے آپریشن سے متعلق آگاہ کیا جب کہ ملاقات میں دریائے سندھ سے نکالی جانے والی نہروں پر عوامی ردعمل پر بھی بات چیت ہوئی۔ملاقات کے دوران بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن امان کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران، وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر بھی مبارکباد دی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام اور امن امان کی صورتحال دن بدن ٹھیک ہو رہی ہے۔گزشتہ روز، شہباز شریف نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کا خاصا ہے کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں، اتحادی حکومت میں باہمی مثالی اعتماد سازی کی فضا خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے ملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے حکومت کے نہروں سے متعلق فیصلے پر بیان بازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔واضح رہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کیv 46ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کی جنگ پاکستان تو کیا عالمی سطح پر لڑ کر آیا ہوں، عالمی دنیا کو منایا کہ ہمارے دریائے سندھ کو بچانا ہے جب کہ کینالز کے حوالے سے حکومت کے یکطرفہ فیصلے کو پاکستان پیپلزپارٹی سپورٹ نہیں کرتی۔