بلوچستان کے پہاڑوں، میں معدنیات کے کھربوں ڈالر مالیے کے ذخائر ہیں، وزیراعظم

بلوچستان کے پہاڑوں، میں معدنیات کے کھربوں ڈالر مالیے کے ذخائر ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے پہاڑوں، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں معدنیات کے کھربوں ڈالر مالیے کے ذخائر ہیں اور ان معدنی ذخائر سے مستفید ہو کر پاکستان قرضوں کے چنگل سے آزاد ہو سکتا ہے۔اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام مندوبین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، فورم معدنیات کے شعبے سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بنے گا، فورم کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بالخصوص سندھ اور پنجاب زرخیز زمین موجود ہے، ریکوڈک منصوبے پر پیشرفت حوصلہ افزا ہے، قدرت نے پاکستان کو قدرتی وسائل سے مالامال کیا، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں میں معدنیات کے ذخائر ہیں، سندھ اور پنجاب کی سرزمین بھی قدرتی وسائل سے مالامال ہے، آزاد کشمیر میں بھی قدرت کے بے پناہ خزانے مدفن ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان میں معدنی ذخائر کھربوں ڈالر کے ہیں، معدنی ذخائر سے مستفید ہوکر پاکستان قرضوں کے چنگل سے آزاد ہوسکتا ہے، بلوچستان میں کان کنی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری سب کے لیے سود مند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں، سندھ حکومت کوئلے کے ذخائر سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے کام کررہی ہے، ہم نے اپنی مصنوعات کی ویلیوایڈیشن کرکے برآمدات کو فروغ دینا ہے، خام مال کی بجائے تیار شدہ مصنوعات کی برآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں سے کہوں گا کہ وہ تیار مصنوعات پر کام کریں، کان کنی کی صنعت کے لیے فنی تربیت لازم و ملزوم ہے، حکومتی سطح پر شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا، سرمایہ کار کمپنیاں نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی میں کردار ادا کریں، ہم مل کر پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنائیں گے۔