کافی عرصے تک زائد العمر اور مجھ سے زیادہ طاقتور مرد ہراساں کرتا رہا، عائشہ عمر
خواتین کے حقوق اور سماجی مسائل پر کھل کر بات کرنے والی اداکارہ عائشہ عمر نے ایک بار پھر اپنے ساتھ ہونے والے نامناسب واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف بچپن میں بلکہ شوبز انڈسٹری میں آنے کے فوری بعد کافی عرصے تک ’جنسی ہراسانی‘ کا نشانہ بنتی رہیں۔
عائشہ عمر 2020 ء اور 2021 ء میں بھی مختلف انٹرویوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اپنے ساتھ ہونے والے نامناسب واقعات پر بات کرچکی ہیں۔ عائشہ عمر نے ماضی میں بتایا تھا کہ انہیں شوبز کیریئر کے آغاز میں ’جنسی ہراسانی‘ کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہیں خود سے دگنی عمر کا شخص کافی عرصے تک ہراساں کرتا رہا تھا۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ انہوں نے ’جنسی ہراسانی‘ کے واقعات پر 15 سال تک کسی سے کوئی بات نہیں کی تھی مگر اب وہ اس معاملے پر بات کرنے لگی ہیں۔ عائشہ عمر نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ جب وہ 2 سال کی تھیں، تب ان کے والد انتقال کر گئے تھے اور ان کی پرورش والدہ نے کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد ان کے معاشی مسائل انتہائی خراب ہو چکے تھے اور ان کے پاس تعلیم جاری رکھنے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے مگر شکر ہے کہ انہیں لاہور گرامر اسکول میں اسکالرشپ مل گئی۔
عائشہ عمر نے بتایا کہ انہوں نے صرف اسکول بلکہ کالج کی تعلیم بھی اسکالرشپ پر حاصل کی اور انہیں ’نیشنل کالج آف آرٹس پرفارمنگ‘ (این سی اے) لاہور نے بھی اسکالرشپ دی تھی۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے زمانۂ طالب علمی یعنی اسکول کے وقت سے ہی بطور چائلڈ آرٹسٹ کام شروع کیا اور بچپن میں ہی پیسے کمانے لگیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بچپن سے ہی والدہ کی مالی مدد کرنا شروع کی تھی اور تاحال وہ پورے گھر کو چلا رہی ہیں اور ایک طرح سے وہ تین گھر چلاتی ہیں۔
عائشہ عمر کے مطابق ان کی والدہ لاہور میں رہتی ہیں اور وہ انہیں ہر طرح کے اخراجات دیتی ہیں جبکہ وہ خود کراچی میں کرائے کے فلیٹ میں رہتی ہیں اور ان کے چھوٹے بھائی ڈنمارک میں پڑھتے ہیں، جن کے اخراجات بھی وہی برداشت کرتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھائی کے بیرونِ ملک پڑھائی کے تمام اخراجات برداشت کیے اور ان کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ کراچی میں اپنا گھر خریدیں، اس لیے وہ کرائے کے فلیٹ میں رہتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں وہ کراچی میں اداکارہ ماریہ واسطی سمیت دیگر ایک سہیلی کے ہمراہ کرائے کے فلیٹ میں 13 سال تک رہیں۔
عائشہ عمر نے واضح کیا کہ وہ ’بہت عاشق مزاج‘ ہیں جبکہ وہ لوگوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کو اپنے واقعات سے جوڑ کر ان کے ساتھ ہمدردی کرتی ہیں۔
انہوں نے بچپن کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی پڑوسن کے ملازم نے بچپن میں ان کے ساتھ نامناسب حرکت کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ نہ صرف بچپن بلکہ شوبز میں آنے کے بعد بھی وہ ’جنسی ہراسانی‘ کا نشانہ بنیں اور انہیں کافی عرصے تک زائد العمر اور ان سے زیادہ طاقتور مرد ہراساں کرتا رہا۔
انہوں نے کسی بھی شخص کا نام لیے بغیر بتایا کہ لازمی نہیں کہ وہ کسی کا نام لیں مگر ان کے ساتھ کافی عرصے تک نامناسب واقعات ہوتے رہے۔
0 تبصرے