فضیلہ قاضی نے سنایا دلچسپ قصہ: قیصر سیٹ پر پیچھے پیچھے گھومتے تھے، میں نے کہا رشتہ بھیجیں

فضیلہ قاضی نے سنایا دلچسپ قصہ: قیصر سیٹ پر پیچھے پیچھے گھومتے تھے، میں نے کہا رشتہ بھیجیں

پاکستان کی معروف اور ورسٹائل سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے قیصر نظامانی سے اپنی پہلی ملاقات اور پھر شادی تک کے سفر کے حوالے سے ایک دلچسپ کہانی سنائی۔ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں شرکت کے دوران فضیلہ قاضی سے سوال کیا گیا کہ قیصر نظامانی نے انہیں شادی کے لیے کیسے منایا اور ان کی پہلی ملاقات کہاں ہوئی؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ ہم پہلی بار پاکستان ٹیلی ویژن کے کوریڈورز میں ملے تھے۔ فضیلہ قاضی نے بتایا کہ قیصر ابتدا میں سندھی ڈراموں میں کام کرتے تھے، پھر وہ اردو ڈراموں کی طرف آئے۔ ان کی والدہ قیصر کو بہت پسند کرتی تھیں اور اکثر ان کے ڈرامے دیکھتی تھیں۔ فضیلہ قاضی نے کہا کہ ان کی والدہ نے ایک دن کہا کہ ایک نیا ہیرو آیا ہے، مجھے اس سے ملواؤ، وہ بہت پسند ہے۔ اداکارہ نے مزید بتایا کہ جب میں اور قیصر ایک شو پر ملے تو میں نے ان سے یہ بات کی، اور اس کے بعد وہ مجھے پھول دیا کرتے تھے اور اکثر میرے گھر آ جایا کرتے تھے۔ ایک دن میں نے قیصر سے کہا کہ آپ سیٹ پر اور ہر جگہ میرے پیچھے پیچھے گھومتے ہیں، یہ اچھا نہیں لگتا، کیونکہ میرے والد نے مجھے ڈراموں میں کام کرنے کی اجازت بڑی مشکل سے دی تھی۔ فضیلہ قاضی کے مطابق پھر میں نے قیصر سے کہا کہ یہ سب مناسب نہیں، تو قیصر نے کہا کہ آپ مجھے بہت پسند ہیں۔ اس پر میں نے کہا کہ پھر کیا کریں؟ رشتہ بھیج دیں تو ہم شادی کر لیں گے۔ اداکارہ نے کہا کہ مجھے لگا تھا قیصر انکار کر دیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ قیصر نے کہا ٹھیک ہے، لیکن ان کے والدین اس شادی کے لیے راضی نہیں تھے، اس لیے انہوں نے رشتہ نہیں بھیجا۔ قیصر نے کہا پھر بھی، میں شادی یہیں کروں گا۔ فضیلہ قاضی نے مزید کہا کہ قیصر کے والدین نے کہا کہ تم ابھی کیرئیر کی شروعات میں ہو اور پیسے کما نہیں رہے، مگر قیصر نے کہا کہ میں زبان دے چکا ہوں اور شادی ضرور کروں گا۔