وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا دو روزہ دورہءِ آذربائیجان

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا دو روزہ دورہءِ آذربائیجان

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے باکو میں نگورنوقاراباخ کی آزادی کیلئے 44 روزہ جنگ کے ہیروز اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے "یادگارِ فتح" کا دورہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج قاراباخ جنگ (44 روزہ جنگ) کی یاد میں حال ہی میں تعمیر کردہ "یادگار فتح" کا دورہ کیا، جو آذربائیجان کی اپنی علاقائی سالمیت کو بحال کرنے کے حوالے سے تاریخی فتح تھی۔ وزیر اعظم نے یادگار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا اور آذربائیجان کے قومی ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 2020 نگورنو قاراباخ تنازعہ کے دوران بہادری سے اپنے وطن کی حفاظت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے تاثرارات قلمبند کرتے ہوئے کہا کہ فتح کی یہ شاندار یادگار انتہائ جرآت، ہمت اور قومی فخر کی علامت ہے اور آذربائیجان کے غیر متزلزل جذبے اور عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے 44 روزہ جنگ کے دوران آذربائیجانی قوم کی جانب سے غیر معمولی بہادری اور قومی عزم کے مظاہرے کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے اجاگر کیا کہ پاکستان اپنے برادر ملک آذربائیجان کے ساتھ ہمیشہ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اس کی کوششوں کو سراہتا ہے. فتح کی یادگار کا دورہ، جو آذربائیجان کے قومی فخر کی علامت ہے، پاکستان کے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے حمایت کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے. وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی سمیت اعلیٰ سطح کے حکام بھی موجود تھے۔