وزیراعلیٰ سندھ کامتحدہ عرب امارات کے ویزا سینٹر کا دورہ

متحدہ عرب امارات کیلئے درخواست گزاروں کو سفارتی خدمات فراہم کرنے کیلئے کراچی میں سب سے بڑا ویزا سینٹر قائم

وزیراعلیٰ سندھ کامتحدہ عرب امارات کے ویزا سینٹر کا دورہ

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ورک ویزا جاری کرنے اور ملازمتوں کیلئے درخواست گزاروں کو سفارتی خدمات فراہم کرنے کیلئے کراچی میں سب سے بڑا ویزا سینٹر قائم کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیتھی نے وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ کراچی میں قائم ویزا سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ کو اپنی خدمات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ بھی تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ویزا سینٹر کو ورک ویزے جاری کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو متحدہ عرب امارات میں روزگار کے مواقع ملنے پر ویزا سینٹر میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ مجھے یقین ہے کہ سینٹر کے قیام سے متحدہ عرب امارات میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ یو اے ای میں ملازمتوں کیلئے درخواست دینے والے ملازمین کو قونصلر خدمات فراہم کرنے کے علاوہ ویزا سینٹر میں تصدیق کی سہولیات روزانہ کی بنیاد پر فراہم کی جارہی ہیں۔ قونصل جنرل مسٹر بخیت نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ یہ ویزا سینٹر غیر ملکیوں کی دستاویزات کے عمل میں کافی آسانی پیدا کرتا ہے اور دستاویزات میں کسی بھی خرابی یا غلطی سے بچنے کیلئے اسے اچھی طرح چیک کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سندھ اور بلوچستان کے عوام کو سہولت فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کراچی میں اس طرح کا جدید ترین، وسائل سے بھرپور اور سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے۔