منصوبہ کے 4 پروجیکٹ کا حصہ ہے، کراچی 260 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی ملےگا، وزیراعلیٰ سندھ
ٹھٹھہ ( شفيق بهٹی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے وفاق اور سندھ حکومت کے اشتراک سے بننے والے کے بی فیڈر منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے، امید ہے اس سال کے آخر تک 40 فیصد کام مکمل ہوجائےگا۔ْ منصوبے کے پہلے مرحلے میں کے 4 واٹر سپلائی پروجیکٹ فیز 1 کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کےلیے 510 کیوسک کے کینال کی لائننگ کی جا رہی ہے۔ آئندہ سال مکمل ہو نے پر کے بی فیڈر سے کراچی کو 260 ملین گیلن پانی یومیہ ملےگا جس سے شہر میں پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملےگی۔
یہ بات انہوں نے منگل کو جھرک کے قریب کے بی فیڈر کی لائننگ کا جائرہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر بلدیات سعید غنی، وزیر آبپاشی جام خان شورو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر زکواۃ، عشر و اوقاف ریاض شاہ شیرازی ، ایم این اے ایاز شاہ شیرازی، سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو اور دیگر نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مکمل ہونے سے طویل عرصےسے پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے کراچی کی صورتحال میں تیزی سے بہتری کی امید ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کلری بگھار ( کے بی ) فیڈر پروجیکٹ شہر کو پانی کی سپلائی بڑھانے کا اہم منصوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ اور وفاقی وزارت آبی وسائل کے مشترکہ منصوبے کے بی فیڈر پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ 2025 کے آخر تک منصوبے کا 40 فیصد مکمل ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں کینال کی لائننگ اور پشتے مضبوط کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ 510 کیوسک کے کینال سے کے 4 منصوبے کے پہلے مرحلے کی ضروریات کےلیے کافی مقدار میں پانی دستیاب ہوگا۔ آئندہ سال جب کے بی فیڈر مکمل ہوگا تو کراچی کو 260 ملین گیلن اضافی پانی روزانہ سپلائی کیا جائےگا۔ کے بی فیڈر سے پانی کینجھر جھیل سے سپلائی کیا جائےگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کے 4 توسیعی منصوبے کے تحت ان کی حکومت حب کینال پروجیکٹ پر 12.76 ارب روپے خرچ کر رہی ہے، یہ منصوبہ دسمبر 2025 میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ ان منصوبوں میں تین آبی ذخائر اور پمپنگ اسٹیشنز کی بہتری بھی شامل ہے تاکہ شہر میں پانی کی بہتر تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔
آبی منصوبوں کے علاوہ مراد علی شاہ نے ملیر ایکسپریس وے کی تیز رفتار پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ منصوبہ 2025 میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس منصوبے سے کراچی کے اندر اور باہر سے آنے والی ٹریفک کے سفر کا دورانیہ کافی کم ہو جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نہ صرف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے بلکہ شہری ڈھانچے اور رابطے کو بہتر بنانےکےلیے بھی پرعزم ہے۔
وفاقی حکومت سے محدود فنڈنگ کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ نے حکومت سندھ کے پانی کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
شہر میں جاری احتجاج کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ معاملے کو مذاکرات اور انتظامی اقدامات دونوں ذریعے سے حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے بی آر ٹی بس سروس کو پورے سندھ میں توسیع دینے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کئی محاذوں پر بیک وقت اہم پیش رفت سندھ خوصاً کراچی کے خوشحال اور پائیدار مستقبل کا پتہ دیتی ہے جو نئے سال کے موقع پر نئی امید دلاتی ہے۔
0 تبصرے