ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) کے بورڈ ممبر اور ای ایف پی اکنامک کونسل کے چیئرمین محمود ارشد کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفد نے اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارتخانے کا دورہ کیا۔پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نزیر اوغلو اور سفارتخانے کے کمرشل قونصلر اینیس ملک سیٹن اور فنانشیل ایڈوائزر قونصلر علی عمر نے وفد کا پُرتباک استقبال کیا۔ وفد میں ای ایف پی کے بورڈ ممبر سید حسنین مظہر اور ای ایف پی اکنامک کونسل کے اراکین محمد احمد اور شعبان خالد شامل تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ تعاون پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
ترک سفیر اور اُن کی ٹیم تجارتی ترقی بالخصوص پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ تجارتی فروغ کی سرگرمیوں کے حوالے سے ای ایف پی کی پیش کردہ تجاویز پر بہت پُرجوش دکھائی دی اور جلد از جلد ان تجاویز پر عملدرآمد کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔اگلے مرحلے میں ای ایف پی اکنامک کونسل اپنے تحقیقاتی نتائج اور تجارتی ترقی کے لیے سفارشات پر مبنی ایک پریزنٹیشن آئندہ پیر کو ہونے والے اجلاس میں پیش کرے گی۔ترک سفارتخانے کی ٹیم اس سیشن میں بذریعہ زوم شریک ہو کر مزید تبادلہ خیال کرے گی اور ان تجاویز کو بہتر بنانے کے لیے مشاورت کرے گی۔
ای ایف پی کے وفد، ترک سفیر اور اُن کی ٹیم کے درمیان یہ ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ای ایف پی اور ترک سفارتخانے کے باہمی تعاون سے توقع ہے کہ جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت ہو گی۔
0 تبصرے