کراچی پریس کلب ہمارا تاریخی ورثہ ہے اور اس کو محفوظ کرنے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

جمہوریت کے فروغ اور جمہوری روایات کو آگے بڑھانے میں پریس کلب نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے: میئر کراچی

کراچی پریس کلب ہمارا تاریخی ورثہ ہے اور اس کو محفوظ کرنے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب ہمارا تاریخی ورثہ ہے اور اس کو محفوظ کرنے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، جمہوریت کے فروغ اور جمہوری روایات کو آگے بڑھانے میں پریس کلب نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، آج بھی یہ ادارہ مظلوموں کی آواز ہے اور تمام سیاسی اور غیر سیاسی جماعتیں کراچی پریس کلب آکر ہی اپنے حقوق کی آواز بلند کرتے ہیں، میرے تعلق بھی صحافی فیملی سے ہے اور آج آپ کے ایک ساتھی وہاب صدیقی کا بیٹا کراچی کا میئر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں نئے تعمیر ہونے والے لان کا اپنے بھائیوں علی وہاب صدیقی اور سعد وہاب صدیقی کے ہمراہ افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس لان کو میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے والد وہاب صدیقی اور والدہ ممتاز سیاست داں اور سابق ممبر قومی اسمبلی فوزیہ وہاب کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، جوائنٹ سیکریٹری محمد منصف، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کے ایم سی علی حسن ساجد اوردیگر عہدیداران، گورننگ باڈی کے ممبران اور کراچی پریس کلب کے ممبران کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو اس موقع پر کراچی پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ بھی دی گئی، میئر کراچی نے کہا کہ 1975ء میں میرے والد یہاں کے ممبر بنے تھے، میرے والد نے یہیں سے ترقی کی، کلب کے ساتھ میرا رشتہ والد کے انتقال کے بعد بھی رہا، ہم اپنی والدہ کے ساتھ پریس ریلیز تقسیم کرنے کے لئے یہاں آیا کرتے تھے، انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کی جو بھی خدمت کرسکتا ہوں اور جو بھی کردار ادا کرسکتا ہوں کرتا رہوں گا، ہمارا یہ فرض ہے کہ جو موقع اللہ نے عطا کیا ہے اس سے عوام اور شہر کی خدمت کریں، انہوں نے کہا کہ یہ میرے لئے باعث عزت ہے کہ پریس کلب نے لان کو میرے والدین کے نام سے منسوب کیا ہے، انہوں نے کہا کہ جب مجھے یہ بات پتہ چلی کہ کراچی پریس کلب کا لان تعمیر ہوناہے تو میں نے یہ فیصلہ کیا کہ میں اپنے بھائیوں کی مدد سے اپنے ذاتی خرچ سے یہ لان تعمیر کروں گا، آج یہ خواب تکمیل کو پہنچا، میئر کراچی نے کہا کہ صحافی حضرات اپنے گھر میں کم اور کلب میں زیادہ وقت گزارتے ہیں اس لئے یہاں ان کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا ہونی چاہئیں، انہوں نے کہا کہ میڈیا سے وابستہ افراد کا کام انتہائی ذمہ داری کا ہوتا ہے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بعد صحافی حضرات کلب میں اپنا اس لئے گزارتے ہیں کہ وہ کچھ لمحات سکون کے ساتھ گزارسکیں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے میئر کراچی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب سے میئر کراچی کے خاندان کا جوتعلق رہا ہے وہ کلب کے لئے قابل فخر ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی ہمیشہ کلب کی مدد کرتی رہی ہے اور میئر کراچی اس روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں، سیکریٹری پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ ہم نے جو لان کی تزئین و آرائش کا خواب دیکھا تھا اسے میئر کراچی نے تعبیر عطا کی انہوں نے ذاتی حیثیت میں لان کی تعمیر کا بیڑا اٹھایا اور آج یہ لان مکمل ہوگیا ہے، اس موقع پر میں کراچی پریس کلب کے ممبران کی جانب سے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے کراچی پریس کلب کے لئے ایک خوبصورت اور دلکش لان بنا کردیا۔اس موقع پر میئر کراچی نے ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف، منیجر کراچی پریس کلب عقیل احمد، عدنان، شاہ مراد، مالی عمران اور ندیم اشرف سمیت دیگر افراد کو یادگاری شیلڈ بھی دیں۔