کراچی پریس کلب سے اٹھنے والی آواز ملک کے گوشے گوشے میں پہنچتی ہے،احمد چنائے
کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ کی جانب سے سابق سربراہ سی پی ایل سی اور صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف کاروباری اور سماجی شخصیت اور کتیانہ میمن اسپتال کے چیئرمین احمد چنائے کو اعزازی ممبر شپ دینے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔کراچی پریس کلب میں منعقد کی گئی تقریب میں سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد ،جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف ،نواب قریشی ،صد ر کے یو جے حامد الرحمن ،خزنچی احتشام سعید قریشی اور دیگر نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد چنائے نے کہا کہ کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ حق و انصاف کی سربلندی، جمہوری اقدار کے فروغ اور مثبت اور تعمیری صحافت کے فروغ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، کراچی پریس کلب سے اٹھنے والی آواز ملک کے گوشے گوشے میں پہنچتی ہے اور اس روایت میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا ہے، اعزازی ممبر شپ دینے جانے پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پریس کلب کے ساتھ میری وابستگی مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی اور پریس کلب کے ساتھ مل کر مثبت اور تعمیری کاموں میں اپنے حصے کا کردار ادا کروں گا۔انہوںنے کہا کہ جسے کہیں سے انصاف نہیں ملتا وہ پریس کلب آکر اپنی آواز اٹھا سکتا ہے، یہ ادارہ مجبور اور بے سہارا لوگوں کے لئے امید کی کرن بن چکا ہے، کراچی شہر، صوبے اور ملک کے لئے کراچی پریس کلب کی خدمات سنہری الفاظ سے لکھنے کے قابل ہیں، مملکت کے اہم ستون کے طور پر صحافت اہمیت کی حامل ہے اور اس شعبے سے وابستہ متعدد شخصیات کے کارنامے فراموش نہیں کئے جاسکتے، امید ہے کہ کراچی پریس کلب آئندہ بھی اسی طرح اپنا بہترین کردار ادا کرتا رہے گا۔ سیکریٹری پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ جن لوگوں کی ملک اور شہر کے لئے گرانقدر خدمات ہوتی ہیں انہیں کراچی پریس کلب کی اعزازی رکنیت سے نوازا جاتا ہے، یہ ایک قدیم روایت ہے اور اس پر آج تک عملدرآمد ہو رہا ہے، کراچی پریس کلب کو ایسی شخصیات کے ساتھ تعلق پر فخر ہے۔احمد چنائے ایک اچھے اور محبت کرنے والے انسان ہیں ۔انہوںنے کہا کہ تقریبا سوا دو سال کے دوران کتیانہ اسپتال میںاراکین اور ان کے اہل خانہ کی ہر قسم کی بیماری کا علاج کیا جارہا ہے ۔احمد چنائے کی ذاتی کوششیں اورد لچسپی اس پروجیکٹ میں ہر وقت موجود ہوتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے کتیانہ میمن اسپتال کسی نعمت سے کم نہیں ہے ،اس کے لیے ہم احمد چنائے اور اسپتال کی پوری انتظامیہ کیے شکر گزار ہیں ۔نواب قریشی نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ سے معاشرے کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرنے والوں کی قدر کی ہے اور ان کی پذیرائی کے لئے پروقار تقاریب منعقد کی ہیں۔کراچی پریس کلب ایک ایسا ادارہ ہے جو پاکستان کی پہچان اور علامت ہے اور اس ادارے کی جانب سے احمد چنائے کی خدمات کا اعتراف یقینا قابل تعریف ہے۔
0 تبصرے