اب سندھ پولیس کو عوام کے جان و مال اور شہری آزادیوں کی حفاظت کرنی ہوگی، مراد علی شاہ

سندھ میں انسداد دہشتگردی کوششوں کو موثر بنانے کی جانب اہم قدم

اب سندھ پولیس کو عوام کے جان و مال اور شہری آزادیوں کی حفاظت کرنی ہوگی، مراد علی شاہ

کراچی: سندھ میں انسداد دہشتگردی کوششوں کو موثر بنانے کی جانب اہم قدم ۔۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ میں جدید ترین فیوژن سینٹر کا افتتاح کردیا۔

فیوژن سینٹر نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن ( این آر ٹی سی ) نے قائم کیا ہے اورجدید ٹیکنالوجی اور انفرا اسٹرکچر سے لیس ہے جس سے سی ٹی ڈی کی انسداد دہشتگردی صلاحیتیں مزید بہتر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ فیوژن سینٹر کی آپریشنل اور ترقیاتی ضروریات کےلیے 24-2023 کے بجٹ میں 72 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سینٹر کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے آن لائن اور آف لائن ڈیٹا کے مرکز کے طور پر بنایا گیا ہے تاکہ وسیع تجزیے، شراکت داری اور فیصلہ سازی میں آسانی ہو۔ سینٹر کے ذریعے سی ٹی ٹی ڈی معلومات کے تبادلے کو بہتر بنائے گی اور دہشتگردی کے مقدمات کی سائنسی بنیادوں پر تحقیق اور دیگر سرکاری امور انجام دینے کے قابل ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت صوبائی پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے کےلیے پرعزم ہے۔ حکومت نے سندھ پولیس کو جدید تربیت، ٹرانسپورٹ کی فراہمی، بجٹ میں اضافے اور ضروری آلات کی فراہمی کے ذریعے مضبوط کیا ہے۔ اب یہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے کے عوام کی جان و مال اور شہری آزادیوں کی حفاظت کرے۔

مراد علی شاہ نے دہشتگردی کے خطرے کا بھی ذکر کیا اور پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے جان کی قربانی دے کر امن و امان کو بحال رکھنے کی ہرممکن کوشش کی ہے۔

فیوژن سینٹر سندھ پولیس کی انسداد دہشتگردی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم قدم ہے۔ اس کے تحت انٹیلی جنس کی بنیاد پر کام کرنے کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

وزیرداخلہ ضیا الحسن لنجار نے بھی اس موقع پر بات کی اور وزیراعلیٰ کی طرف سے سندھ کو مضبوط کرنے کےلیے دی گئی امداد کو سراہا۔