حکومت نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کےلیے کئی اقدامات کیے ہیں، مراد علی شاہ
کراچی؛ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ان کی حکومت نے مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کےلیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی، سیکریٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ اور آسٹریلوی ہائی کمشنر نے سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، انڈس ڈیلٹا، آثار قدیمہ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی۔
نیل ہاکنز نے کہا کہ انڈس ڈیلٹا کی شاندار تاریخ ہے اور اس کا تحفظ کرنے کی ضرورت ہے جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان پانی کی کمی کا شکار ملک رہا ہے۔ سندھ زیریں صوبہ ہونے کی وجہ سے پانی کی قلت کا شکار ہے اس لیے کوٹری ڈاؤن اسٹریم سے نیچے سمندر میں پانی چھوڑنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے نتیجتاً سمندر کا آگے آنا بڑا خطرہ بن گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے علاوہ بن قاسم انڈسٹریل پارک اور کورنگی کریک انڈسٹریل پارک سمیت دیگر تمام صنعتی علاقے سرمایہ کاری کےلیے تیار ہیں جہاں یوٹیلٹی سہولیات اور زمین دستیاب ہے۔ سول انٹرپرائز اسپیشل اکنامک ریگولیشنز 2020 کے مطابق 5 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کرنے والی کوئی بھی صنعت اسپیشل اکنامک زون کا درجہ حاصل کرسکتی ہے۔ سندھ میں ایسے دو زون پہلے سے ہی موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ نے خصوصی سبسڈی دے کر زرعی، کان کنی اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں نجی شعبے سے 7 ارب روپے کی سرمایہ کاری حاصل کرلی ہے۔ اس اقدام کے سرمایہ کاری کی رقم سے 10 گنا زیادہ معاشی اثرات ظاہر ہوئے ہیں۔
بات چیت کے دوران مراد علی شاہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کو بتایا کہ صوبائی محکمہ سرمایہ کاری نے پتھر و گرینائیٹ، لائیو اسٹاک، زراعت، خوراک بانی، ماہی گیری اور ڈیری کے شعبوں کے ابتدائی تخمینے لگوائے ہیں جو سرمایہ کاروں کی دلچسپی کےلیے ان کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ حکومت سندھ نے سازگار کاروباری ماحول کےلیے ورلڈ بینک گروپ کی شراکت سے کاروباری اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد کیا جس سے پاکستان میں کاروبار کےلیے سازگار حالات کے انڈکس میں 39 درجے بہتری ہوئی۔
وزیراعلیٰ کے مطابق کلک پروجیکٹ کے تحت سرمایہ کاروں کی سہولت کےلیے 16 محکموں کی ایک ہی جگہ منظوری کا سسٹم لایا جا رہا ہے۔ مزید برآں محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے اشتراک سے تھرپارکر میں اسپیشل اکنامک زون قائم کیا جا رہا ہے۔
محکمہ سرمایہ کاری قومی اور بین الاقوامی فورمز پر سندھ کے منصوبے پیش کرنے کےلیے سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے بتایا کہ وہ بھمبور گئے جہاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔ وہاں انہوں نے شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کا خوبصورت انگریزی میں لکھا پیغام دیکھا۔ میں نے اس کی تصویر لے لی ہے اور وہ میرے ذاتی ریکارڈ میں رہےگا۔
وزیراعلیٰ اور مہمان سفیر نے ہاکی پر بھی بات کی کیونکہ دونوں ہی ہاکی کے کھلاڑی رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے پورے سندھ میں ہاکی گراؤنڈز میں بلو ٹرف بچھایا ہے لیکن اس سے کوئی نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آیا۔
0 تبصرے