علی امین گنڈاپور نے جو الفاظ استعمال کیے وہ اس عہدے کے شایان شان نہیں،فوری طور پر معافی مانگیں،کراچی پریس کلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی صحافی برادری بالخصوص خواتین صحافیوں کے خلاف نازیبا زبان کی شدیدالفاظ میںمذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ علی امین گنڈاپور نے جو الفاظ استعمال کیے وہ اس عہدے کے شایان شان نہیں،فوری طور پر معافی مانگیں۔پیرکوکراچی پریس کلب سے جاری مذمتی بیان میں کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد جلسے میں صحافیوں سے متعلق انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور نامناسب گفتگو کی، ان پر سنگین الزامات عائد کیے اور دھمکیاں دیں جو ناقابلِ برداشت ہے۔پاکستان میں صحافی انتہائی نامساعد حالات میں اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔ تمام تر دبائو اور پابندیوں کے باوجود اپنا فرض ادا کرنے والے صحافیوں کے خلاف اس قسم کی زبان استعمال کرنے پر تحریک انصاف کو وزیراعلی خیبر پختونخوا سے باز پرس کرنی چاہیے اور علی امین گنڈاپور کو ان نامناسب الفاظ کی ادائیگی پر صحافی برادری سے معافی مانگنی چاہیے۔کراچی پریس کلب کے عہداروں نے کہاکہ صحافی برادری کو الزام دینا کسی طور مناسب نہیں، جن صحافیوں کو پیسے دیئے گئے یا جو صحافی بلیک میل کرتے ہیں ان کے نام سامنے لائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ سیاسی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو اشتعال دلانے کا سبب بنتے ہیں جس سے میڈیا ورکرز کی جان و مال کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔کراچی پریس کلب نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کی صحافیوں بارے گھٹیا زبان سے ثابت ہوا کہ سیاسی ناکامیوں کا ذمہ دار میڈیا کو ٹھہرانا پی ٹی آئی کی تربیت کا حصہ ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کے اس طرز عمل پر جلد ہی آئندہ لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔کراچی پریس کلب کے عہداروں نے کہا کہ صحافی برادری پر الزام تراشی بالخصوص خواتین کے بارے میں نازیبا بیان کو تمام فورمز پر اٹھایا جائے گا۔ پریس کلب کی مجلس عاملہ نے مطالبہ کیا کہ علی امین گنڈاپور صحافیوں سے فوری طور پرمعافی مانگیں، وہ جب تک معذرت نہیں کرتے کراچی میں انکی میڈیا کوریج کا بائیکاٹ کیا جائیگا۔
0 تبصرے