پاکستان کی خوشحالی اس کے محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور وقار سے منسلک ہے۔ بلاول بھٹو زرداری
کراچی/ اسلام آباد / لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن پر روٹی، کپڑا اور مکان کے ویژن پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی اس کے محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور وقار سے منسلک ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شکاگو کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے 1972ء میں ملک کی پہلی لیبر پالیسی کے اجراء کے ذریعے مزدوروں کے حقوق کو تحفظ دیا اور انہیں مساوی نمائندگی و بااختیار بنانے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعظم، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے وہ تمام حقوق بحال کیے جو ایک آمر نے مزدوروں سے جابرانہ طور چھین لیے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے مختصر ادوارِ حکومت کے باوجود بھی پسماندہ طبقات کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے انتھک کاوشیں کیں اور بیشمار نوکریاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے سابقہ دور حکومت کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور بینظیر ایمپلائز اسٹاک آپشن اسکیم (بی ای ایس او ایس) کے اجراء جیسے قابلِ تحسین اقدام اٹھائے گئے، جو عوام کی معاشی خوشحالی اور سب کے لیے روزگار کے یکساں مواقع کو فروغ دینے کے متعلق پارٹی کے غیر متزلزل عزم کے آئینہ دار ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لیبر پالیسی، بینظیر مزدور کارڈ اسکیم اور مزدوروں کے لیے فلیٹس کی تعمیر، سندھ کی عوامی حکومت کے قابلِ تحسین اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ اور بلوچستان میں قائم صوبائی حکومتیں بینظیر مزدور کارڈ اور بینظیر کسان کارڈ جیسے پروگراموں کے ذریعے محنت کش طبقے کو معاشی رلیف پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں اس وقت بھی مزدور طبقے کو بیشمار چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتیں ان مسائل پر توجہ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے مزدوروں کو بڑھ چڑھ کر پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ بننے کی اپیل کی، کیونکہ یہ ہی وہ واحد جماعت ہے جو محنت کشوں کے مقاصد کی بھرپور حمایت اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مستقبل میں مزید ایسی قانون سازی و اصلاحات متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا، جو پاکستان پیپلز پارٹی کی محنت کش طبقے کے لیے اس کی بھرپور حمایت اور محافظ کی حیثیت کے عین مطابق ہوں گی۔ انہوں نے اپنی جماعت اور معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی محنت کشوں کو قرار دیتے ہوئے یہ عہد کیا کہ ان کی جماعت استحصال کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل اور محنت کشوں کے لئے امید و اتحاد کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
0 تبصرے