جون، جولائی تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف ليول کی سطح کا معاہدہ چاہتے ہیں: وزیر خزانہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے بات ہوئی ہے نظام کی بہتری سے آمدن بڑھے گی۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد اور دورانیہ کیا ہو گا؟ اس کا فیصلہ بجٹ میں کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بڑے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کو لوکلائز کرنے پر کام جاری ہے، چینی مارکیٹ تک پہنچنے کی کوششیں بھی جاری ہیں، معیشت کی بحالی کے حوالے سے ہدایات واضح ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے، ٹیکس نظام میں بہتری سے ریونیو میں اضافہ ہو گا، ایف بی آر سسٹم میں ڈیجیٹلائزیشن لا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ آئندہ چند روز میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے اچھی خبریں آئیں گی۔
وزیر خزانہ کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ محمد اورنگزیب نے امریکہ میں سعودی عرب، چین، ترکی اور دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان کے حوالے سے رویے میں تبدیلی آئی ہے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
0 تبصرے