پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا
راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمر ایوب وزارت عظمیٰ کے لیے ان کے امیدوار ہوں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ خان سے دس ماہ کی ملاقات اور سیاسی معاملات پر مشاورت کے بعد پی ٹی آئی کے بانی عمر ایوب کو وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو ملکی تاریخ کا بدترین الیکشن ہوا، الیکشن میں ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، مجھے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا، ہم جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتوں سے بات کریں گے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کے پی میں اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو اسپیکر نامزد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے الیکشن میں اس طرح آواز نہیں اٹھائی جس طرح اسے اٹھانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے پیغام دیا ہے کہ امریکہ کے پاس اپنی غلطیوں کو سدھارنے کا موقع ہے، امریکہ نے ہمیشہ آمروں کی پشت پناہی کی اور کرپٹ لوگوں کی حمایت کی۔
0 تبصرے