اسلام کے نام پر دہشتگردی کو مسترد کرتے ہیں،علماء مشائخ کنونشن
کراچی: تحریک پیغام اسلام پاکستان کراچی کے تحت دارالعلوم انوارمصطفےٰ جامع مسجد مریم مہران ٹاؤن کورنگی میں عظیم الشان علماء مشائخ کنونشن میں علمائے کرام اور مشائخ عظام نے اپنے خطاب میں پیغام پاکستان فتوے کی تائیدوحمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ اسلام کے نام پر دہشتگردی کو ہمیشہ سے مسترد کرتے رہے ہیں،قومی سلامتی کے ادارے ملک وقوم کا اثاثہ ہیں،علماء مشائخ اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں،ہرزہ سرائی کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ آج ہر طرف سے مصائب ومشکلات کی شکار ہے،ان حالات میں علماء مشائخ اور اکابرین امت کی ذمہ داری ہے کہ میدان عمل میں نکل کر قوم کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں،بزرگان دین کی انقلاب آفرین تعلیمات کو عام کیاجائے جو وقت کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کو درپیش مسائل اور بحرانات کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ اسمبلیوں میں نیک صالح اور دیانتدار قیادت پہنچائی جائے تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو حاصل کیاجاسکے۔ علماء مشائخ نے قوم سے اپیل کی کہ حالیہ الیکشن میں صالح،باکردار اور دیانتدار دینی شخصیات کو ووٹ دے کر منتخب کریں۔ پاکستان کے قیام اور اس کے استحکام میں علمائے کرام، مشائخ عظام،درگاہوں اورآستانوں کے سجادگان اور اکابر دینی،علمی و روحانی شخصیات کا کردار ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کے معروضی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ علماء کرام،مشائخِ عظام وسجاد گان اوراکابر دینی وروحانی شخصیات قومی یکجہتی،ملکی استحکام،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مجموعی امن وامان کے قیام کو مستحکم رکھنے کے لیے،ہمیشہ کی طرح اپنا اساسی اور کلیدی کردار ادا کریں۔علماء مشائخ نے کہاکہ درگاہیں اور آستانے دفاع وطن اور قومی وملّی سلامتی کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اورضرورت پڑنے پرپوری قوم کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ومتفق کھڑے ہوں گے۔انہوں نے محراب و منبر اور خانقاہی نظام کی حقیقی روح کو زندہ کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ مساجد اور خانقاہیں علوم ومعارف کا مرکز اور تعلیم وتربیت کا منبع ہونی چاہئیں،کیونکہ مسجد اورخانقاہ جس قدر مضبوط ہوگی تزکیہ وطہارت اور پاکیزگی وشرافت بھی اسی قدر رواج پائے گی،جس کے سبب سوسائٹی مضبوط اور ریاست مستحکم ہوگی۔مقررین نے کہاکہ آج ضرورت ہے کہ تمام علماء کرام اور مشائخ عظام تحریک پیغام اسلام پاکستان کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کرمجاہد اہلسنّت مفتی محمدبلال قادری کے دست و بازو بنیں۔انہوں نے کہاکہ مفتی محمدبلال قادری ہمارے پاس قدرت کا انمول تحفہ اور عظیم عطیہ ہیں جن کی قدرکرناہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اپنے دین کی خدمت کے لئے منتخب کر لیا ہے اورعلماء مشائخ ہی وہ ہستیاں ہیں جن کی وجہ سیخلق خدا کو اپنے ایمان کے تحفظ کا سامان ملتاہے۔ کنونشن سے علماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفتی محمدبلال قادری کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔حضرت شیخ الحدیث والتفسیر مفتی غلام نبی فخری ؒ کے عرس مبارک کے سلسلے میں تحریک پیغام اسلام پاکستان کراچی کے زیراہتمام عظیم الشان علماء ومشائخ کنونشن کا انعقاد جامع مسجد مریم ودارالعلوم انوارمصطفی مہران ٹاؤن شریف آباد،نزد بلال پولیس چوکی، کورنگی کراچی میں علامہ فداالنبی فخری کے زیرصدارت کیاگیاتھا، جس سے علامہ مولانا افضل نقشبندی، علامہ رضاالنبی فخری، پی ایس 94اور پی ایس 96سے امیدوار مجاہد اہلسنّت مفتی بلال قادری (مرکزی امیر تحریک پیغام اسلام پاکستان)،کراچی کے ناظم اعلیٰ علامہ حافظ شہزاداحمدمہروی،علامہ ریاض نقشبندی، علامہ سید عاطف فیضی، علامہ غلام محی الدین اخترالقادری، مفتی محمدیامین نقشبندی،مفتی محمدعدیل نقشبندی، مولاناظہورقادری، مولانارفیق قادری، مفتی اعجازنقشبندی، مفتی جنید نقشبندی، مفتی جاوید قادری، مولانارشید قادری، مولاناسعید قادری، مولاناخادم حسین اختر القادری، مولانامعراج الدین اخترالقادری، مولانااختررضوی، مولاناغلام فرید قادری، مولاناارشدقادری، مولانامنظوررضوی،مفتی نصراللہ قادری، مولانادلشادگولڑوی، مولانامحمدحسین مہروی، مولاناساجد اعوان، مولاناراشدسعیدی، مولاناوسیم رضوی، مولاناشکیل قادری، مولانادین محمدمہروی، قاری سلمان قادری، قاری ثاقب قادری، قاری احمدبخش قادری، قاری عمران قادری، حافظ امجد قادری، حافظ نعمان قادری، مولاناطارق چشتی، مولاناسمیع اللہ قادری، مولانایاسین نقشبندی، مولانااسلم قادری دیگر نے شرکت و خطاب کیا۔
0 تبصرے