سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی زیر صدارت کراچی پریس کلب اراکین کے مسائل کے حل کے لئے اجلاس

کراچی پریس کلب کے باقیماندہ اراکین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے ضلع کیماڑی میں تقریباً 125 ایکڑ اراضی کے لئے سمری بنائی جائے گی

سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی زیر صدارت کراچی پریس کلب اراکین کے مسائل کے حل کے لئے اجلاس

کراچی: سیکریٹری محکمۂ اطلاعات سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی صدارت میں کراچی پریس کلب اراکین کے مسائل کے حل کے لئے اجلاس آج بیرک نمبر 95 سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے صحافیوں کو الاٹ کردہ پلاٹوں پر تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن اور تجاوزات ختم کرنے پر سندھ حکومت اور متعلقہ تمام اداروں اور افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی پریس کلب کے اراکین کے مسائل کے حل کے لئے قائم شدہ یہ کمیٹی بہترین مشاورت اور معاونت کے ساتھ کام کررہی ہے جس سے صحافیوں کے مسائل تیزی سے حل ہورہے ہیں۔

اجلاس میں کراچی پریس کلب کے باقیماندہ اراکین کو پلاٹ الاٹمنٹ پر کام کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی پریس کلب کے باقیماندہ 700 اراکین کے لئے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے تقریباً 125 ایکڑ اراضی درکار ہے ۔

اجلاس میں ضلع کیماڑی میں زمین کی دستیابی کی بھی نشاندھی کی گئی اور بتایا گیا کہ یہ اراضی لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی (LDA)کے زیر انتظام ہے۔اجلاس میں ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اراضی پر کراچی پریس کلب کے اراکین کو الاٹ کردہ پلاٹوں کے واجبات کی ادائیگی کے لئے پیش کردہ تجاویز اور پیمنٹ فامولا کی روشنی میں سمری جلد از جلد تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد ، ڈائریکٹر جنرل لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی سید شبیہ الحسن ، ڈپٹی کمشنر کیماڑی جنید اقبال خان، ڈپٹی کمشنر ملیر سعید لغاری، سیکریٹری ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایم عرفان، ڈی ایس لینڈ یوٹیلائزیشن غضنفر علی عباسی ، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ ذیشان احمد خان، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز سوائی خان چھلگری ، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن حسن اصغر نقوی ، انفارمیشن افسر سریش کمار اور دیگر افسران نے شرکت کی۔