صحافیوں اور انکے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا

کراچی پریس کلب کی صحافی کالونی ہاکس بے میں سیکیورٹی کے انتظامات بہتر کئے جائیں، شعیب احمد

صحافیوں اور انکے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا

کراچی (پریس ریلیز) کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد کی سربراہی میں کراچی پریس کلب کے ایک وفد نے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا سے انکے دفتر میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر پریس کلب کی لائژن کمیٹی کے سیکریٹری ثاقب صغیر،سیکریٹری پلاٹ اینڈ ڈیویلپمنٹ کمیٹی شمس کیریو اور ممبر لائژن کمیٹی شاہ میر خان بھی موجود تھے۔ سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کو صحافی کالونی ہاکس بے بلاک 2 اور بلاک 68 لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے اور صحافیوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پولیس چوکیاں جلد سے جلد تعمیر کرنے اور مزید پولیس اہلکار تعینات کرنے کی درخواست کی ہے،
انہوں نے بتایا کہ صحافی کالونی میں چوری کی متعدد وارداتیں ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے وہاں کے رہائشی صحافی اور انکے اہل خانہ عدم تحفظ کا شکار ہیں اس صورتحال میں تھانہ موچکو کی حدود بلاک 2 ،3 اور 3 اے میں زیر تعمیر پولیس چوکی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے، پولیس کی نفری بڑھانے اور تھانہ ماڑی پور کی حدود بلاک 68 میں پولیس چوکی قائم کرنا ضروری ہے تاکہ قبضہ مافیا سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جائے،
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے پریس کلب کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ صحافیوں اور انکے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے،
ایس ایس پی اور علاقہ ایس ایچ کو احکامات جاری کردئیے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ صحافی کالونی میں پولیس چوکیاں جلد سے جلد تعمیر کر کے مستقل بنیاد پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی جائے،
انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لئے صحافی برادری نے ہمیشہ پولیس کی رہنمائی کی ہے کراچی پریس کلب سے ہمارا دیرینہ تعلق رہا ہے جو ہمیشہ برقرار رہے گا۔
ملاقات میں سیکریٹری لائژن کمیٹی ثاقب صغیر نے بھر پور تعاون کرنے پر ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا شکریہ ادا کیا