عوام اور فوج کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا، آرمی چیف

کچھ عناصر نے عوام اور فوج کے تعلقات پر حملہ کرنے کی کوشش کی

عوام اور فوج کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا، آرمی چیف

راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ کچھ عناصر نے عوام اور فوج کے تعلقات پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے انہوں نے صبر اور فہم سے ناکام بنایا۔ یوم دفاع کے سلسلے میں شہید میجر طفیل محمد کے مزار پر تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مرزا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر اپنے بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ یوم دفاع و شہدا ان کی قومی اور عسکری تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، یہ دن ان کی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں مسلح افواج نے جرات اور پیشہ وارانہ مہارت سے دشمن کی پیش قدمی کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں قومی اتحاد و اتفاق کا عظیم جذبہ نظر آیا، اسی جذبے سے دشمن کی پیش قدمی کو ناکام بنایا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج اپنے ڈسپلن، نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی وجہ سے دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے، اس کو بالائے طاق رکھنا پاک فوج کے ہر افسر اور سپاہی کا عزم ہے۔ پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں، جوانوں کے اقدامات ہمارے لیے مثال ہیں، آزادی کے چراغ شہداء کے خون سے روشن ہیں، شہداء کی عزت و تکریم ان کی اہم ذمہ داری ہے، پاک فوج اور عوام کے درمیان اعتماد اور اتحاد ان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ حال ہی میں کچھ عناصر نے عوام اور فوج کے تعلقات پر حملہ کرنے کی کوشش کی، افواج پاکستان نے بطور قومی ادارہ اسے انتہائی صبر اور فہم سے ناکام بنایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج نے جس جرات کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، پاک فوج عوام کی خواہشات اور امنگوں کا محور ہے، مضبوط دفاع کے لیے مضبوط معیشت ضروری ہے۔