ہائر ایجوکیشن میں کراچی پریس کلب ممبران کے بچوں کے لیے اسکالرشپ مختص کی جائیں گی: مدد علی سندھی

اسلام آباد میں وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے صحافیوں کے لیے ورکشاپ منعقد کی جائے گی

ہائر ایجوکیشن میں کراچی پریس کلب ممبران کے بچوں کے لیے اسکالرشپ
 مختص کی جائیں گی: مدد علی سندھی

کراچی (پریس ریلیز) وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن میں کراچی پریس کلب کے ممبران کے بچوں کے لیے اسکالرشپ مختص کی جائیں گی اور اسلام آباد میں وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے صحافیوں کے لیے ورکشاپ منعقد کی جائے گی جس میں کراچی پریس کلب کے ممبران کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی جائے گی،سیکریٹری کراچی پریس کلب اپنے اراکین کی فہرست فراہم کریں گے، تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین اور یونین کی سرگرمیاں مثبت انداز میں شروع ہونا چاہیں۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو کراچی پریس کلب کے خصوصی دورے کے موقع پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی اور سینئیر صحافیوں سے گفتگو اور میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد ،نائب صدر مشتاق سہیل، گورننگ باڈی کے ممبران شمس کیریو ،ذوالفقار راجپر، پریس کلب کے سابق صدر فاضل جمیلی،سابق خزانچی وحيد راجپر، قاضی آصف، عاجز جمالی،راؤ افنان ،نواب شاہ اور دیگر صحافی بھی موجود تھے. مدد علی سندھی نے کہا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں نوکری سے ریٹائرڈ عمررسیدہ صحافیوں کے لیے انڈومنٹ فنڈ مقرر کرنا چاہیے جو ان کے لئے بڑھاپے کا سہارا بنے، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزارت کے تعلیمی اداروں اور جامعات کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان کا تعلیمی معیار اور اساتذہ کی ٹیچنگ تربیت ہونی چاہیے ،وفاقی وزیر تعلیم مددعلی سندھی نے کہا کہ تاریخ اور سائنس کے مضامین میں بھی پی ایچ ڈی اساتذہ کی ضرورت ہے اور ملک کے مشترکہ نصاب میں ہر صوبے کی تاریخ اور دیگر مضامین الگ ہونے چاہیے. اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے کہا کہ کراچی پریس کلب کو وفاقی حکومت اور اداروں کی طرف سے مثبت تعاون کی ضرورت ہے جس میں کلب کے ممبران کے بچوں کے لیے وفاقی تعلیمی اداروں میں داخلوں کا کوٹہ اور اسکالرشپ مقرر کی جائے اور تعلیمی مسائل پر صحافیوں کی تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں. دوسری طرف کراچی پریس کلب کی طرف کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد اور اراکین گورننگ باڈی کے نے وفاقی وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔#