عمران خان اور جیل اہلکار کے درمیان مبینہ کوڈ ورڈ گفتگو کا انکشاف

اٹک جیل کی جیو فینسنگ کرتے ہوئے جیل کے عملے کے واٹس ایپ کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی

عمران خان اور جیل اہلکار کے درمیان مبینہ کوڈ ورڈ گفتگو کا انکشاف

اٹک (ویب ڈیسک) اٹک جیل میں پی ٹی آئی چیئرمین سے جیل اہلکار کی مبینہ کوڈ ورڈ گفتگو کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد تمام عملے کی سیکیورٹی کلیئرنس کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اٹک جیل کی جیو فینسنگ کرتے ہوئے جیل کے عملے کے واٹس ایپ کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان سے جیل اہلکار کی گفتگو میں کچھ ایسی باتیں سامنے آئی ہیں جنہیں انتظامیہ سمجھنے سے قاصر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹک جیل میں تعینات 150 سے زائد جیل عملے کا مکمل بائیو ڈیٹا سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے اسپیشل برانچ اور دیگر اداروں کو بھیجا جائے گا۔ سیکیورٹی کلیئرنس کے ذریعے اٹک جیل میں تعینات ملازمین کی کسی بھی شدت پسند تنظیم سے وابستگی اور سیاسی جماعت سے وابستگی سمیت دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے فوری رپورٹ تیار کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اٹک جیل میں اس وقت 700 سے زائد قیدی موجود ہیں جنہیں صرف سی کلاس کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔