پرابھاس کی فلم ’سالار‘ انڈیا سے باہر پانچ ہزار سینما گھروں کی زینت بنے گی

فلم کو رواں برس 28 ستمبر کو پانچ زبانوں ہندی، تیلگو، کناڈا، ملیالم اور تامل میں ریلیز کیا جائے گا

پرابھاس کی فلم ’سالار‘ انڈیا سے باہر پانچ ہزار سینما گھروں کی زینت بنے گی

ممبئی: ہندی سینما کے سپر اسٹار باہو بلی اداکار پرابھاس کی نئی ایکشن تھرلر ’سالار‘ کا فلمی شائقین کو شدت سے انتظار ہے اور نئی فلم سے بڑی توقعات کی جارہی ہیں۔ فلم کے حوالے سے نئی خبر کے مطابق اسے انڈیا کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں ریلیز کیلئے پیش کیا جائے گا اور صرف انڈیا سے باہر پانچ ہزار سے زائد سینماگھروں میں اس کو دکھایا جائے گا۔ ’سالار‘ اپنی ریلیز کے ساتھ نئے ریکارڈ قائم کرنے جارہی ہے، اسے 27 ستمبر کو امریکا میں ریلیز کیا جائے گا اور اس سے قبل کسی انڈین فلم کو یہ اعزاز نہیں ملا ہے۔ پوری دنیا میں ہزاروں سینما گھروں میں ریلیز کے اعلان سے فلم کی ڈیمانڈ اور انڈیا سے باہر پرابھاس کی شہرت کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ فلم کے اوورسیز ڈسٹری بیوٹر نے ٹویٹر پر اعلان کیا کہ فلم کو صرف شمالی امریکا میں 1979 مقامات پر ریلیز کیلئے پیش کیا جائے گا۔ پرابھاس کی ایکشن فلم رواں برس 28 ستمبر کو پانچ زبانوں ہندی، تیلگو، کناڈا، ملیالم اور تامل میں ریلیز کیا جائے گا۔