بھارتی جارحیت میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید؛ تعداد 6 ہوگئی

ستم بالائے ستم بھارتی فوج نے لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا

بھارتی جارحیت میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید؛ تعداد 6 ہوگئی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 4 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع پونچھ میں گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ قابض بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے ایمبولینس جو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جب کہ نیٹ سروس بھی معطل رکھیں۔ دروازے توڑ کر گھروں میں داخل ہوتے رہے۔ اس دوران بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 نوجوان شہید ہوگئے۔ چاروں نوجوان طالب علم اور نہتے تھے تاہم کٹھ پتلی بھارت نواز انتظامیہ نے نوجوانوں کو عسکریت پسند ظاہر کیا۔ ستم بالائے ستم بھارتی فوج نے لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ غم زدہ والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ضلع پونچھ میں دو الگ الگ مقامات پر دو نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا اس طرح دو میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 6 ہوگئی۔