سویڈن واقعے پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں ہو رہی ہیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو نشان عبرت بنایا جائے، آئندہ کسی نے ایسی مذموم حرکت کی تو کوئی ہم سے گلہ نہ کرے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے خبیث شخص کو عبرت کا نشانہ بنانا چاہیے، یہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خبیث شخص کو سزا دلوانے کیلئے سفارتی اور قانونی چارہ جوئی کرنا ہوگی، جس کے لیے پہلے ہمیں اور پھر عالم اسلام کو متحد ہوکر آواز بلند کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سویڈن نے اس خبیث کو کیسے اجازت دی کہ وہ یہ مذموم حرکت کرے، ایوان سویڈن کی پولیس کی اس عمل کی مذمت کرتا ہے، ہماری تمام جانیں رسول اور قرآن حکیم کی حرمت پر قربان ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قرآن مقدس کا نزول رسول اللہ ﷺ پر ہوا جو آخری کتاب ہے اور اس میں دنیا کو صبر و ایثار کی تلقین کی گئی ہے مگر ایک خاص مقصد کے تحت اسلام اور اسلافوبیا کے خلاف آگ بڑھکائی جارہی ہے تاہم مسلمان اور عیسائی آپس میں لڑیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سویڈن واقعے کے خلاف جمعہ 7 جولائی کو ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منا کر دنیا کو پیغام دیں گے اور مطالبہ کریں گے کہ گھناؤنے کام میں ملوث شخص کو سزا دی جائے، تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ملکر احتجاج کریں۔ سویڈن واقعے پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں ہو رہی ہیں۔
0 تبصرے