جے یو آئی ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا اسمبلیوں کی مدت کے خاتمے کا بیان باہمی مشاورت سے تھا۔
پشاور: جمیعت علما اسلام (جے یو آئی) نے دبئی میں نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات و فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمان سے حوالے سے چلنے والی خبروں پر مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ ’جے یو آئی کے سربراہ کی صحافیوں سے آف دی ریکارڈ گفتگو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، دبئی مذاکرات سے صرف جے یو آئی ہی نہیں بلکہ پوری پی ڈی ایم بے خبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی میں ہونے والے مذاکرات پر اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات ہمارا حق ہے، جے یو آئی کے نزدیک اسمبلیوں کی مدت بڑھانا اور الیکشن کا التوا سیاسی نقصان ہو گا۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ عام انتخابات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے کل واضح مؤقف دیا، جس کی وزیراعظم نے بھی تائید کی ہے۔
محمد اسلم غوری نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا الیکشن کے بارے میں اتحادی حکومت کا مؤقف مشترکہ تھا، جے یو آئی پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد فوری الیکشن کرانے کی حامی تھی، ہمارا مؤقف عوامی طاقت اور اکثریت سے حکومت گرانا اور الیکشن کرانا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کا راستہ ہمارا نہیں آصف علی زرداری کا تھا، وقت بتائے گا کہ عدم اعتماد کے مؤقف کے پیچھے کون کون سی طاقتیں تھیں۔
جے یو آئی ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا اسمبلیوں کی مدت کے خاتمے کا بیان باہمی مشاورت سے تھا۔
0 تبصرے