ماضی میں جب وزیراعلیٰ تھا تو جعلی ادویات کو ختم کردیا تھا، یہ تمام عوامل پاکستان کو دنیا میں بہترین ملک بناسکتے ہیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی انقلاب چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا وژن ہے، جس سے آئندہ پانچ برس میں 50 ارب ڈالرز تک سرمایہ کاری اور چالیس لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اسلام آباد میں منعقدہ غذائی تحفظ قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 1960 کے بعد دوسرا بڑا سبز انقلاب لایا جارہا ہے، پچھتر سالوں میں ایسے کئی وژن آئے اور چلے گئے، ترقی کا راز صرف مسلسل عمل اور محنت میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرتی سے سونا اگلنے والے کسان یہاں بیٹھے ہیں، زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کسان پاکستان کے کروڑوں لوگوں کو غذائی اجناس فراہم کرتے ہیں، زراعت کیلیے سازگار ماحول دینا کسانوں کا حق ہے، حکومت کسانوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ کسان کو مناسب قیمت ملے گی تو وہ پھر شوق سے محنت کرے گا، پھر گندم اور کپاس کی پیداوار اچھی ہوگی، پاکستان میں ریکارڈ گندم کی پیداوار ہوئی ہے، زرعی انقلاب کیلیے صحت مند بیچ، اچھی کھاد بروقت، ادویات کی فراہمی حکومت کا فرض اور جدید ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فصلوں کی جعلی ادویات کی وجہ سے کسانوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگر سول کورٹس میں جعلی ادویات کا فیصلہ نہیں ہوتا تو پھر اس کے خاتمے کے لیے آرمی ایکٹ لاگو کرنا چاہیے، تاکہ کسان کی محنت ضائع نہ ہو، ماضی میں جب وزیراعلیٰ تھا تو جعلی ادویات کو ختم کردیا تھا، یہ تمام عوامل پاکستان کو دنیا میں بہترین ملک بناسکتے ہیں۔
0 تبصرے