نیشنل ایکشن پلان کے 13 میں سے 12 نکات پر عمل نہیں ہوا، محسن نقوی پہلے ان پر کام کریں: خواجہ آصف

نیشنل ایکشن پلان کے 13 میں سے 12 نکات پر عمل نہیں ہوا، محسن نقوی پہلے ان پر کام کریں: خواجہ آصف

اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نظام میں بنیادی تبدیلی لانا مقصود ہے تو اس کے لیے درست فورم پارلیمنٹ اور وفاقی کابینہ ہیں، نہ کہ نجی تقریبات یا تاجر برادری کے اجتماعات۔ خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ محسن نقوی نے نظام کی کمزوریوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے اور وہ ذاتی طور پر بڑی حد تک ان خیالات سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے محسوس کرتے ہیں کہ نظام کے ارتقا کا عمل کئی دہائیوں سے گروہی اور ذاتی مفادات کے تابع رہا ہے، جسے آزاد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نظام کو مضبوط کرنا اور اس میں بنیادی تبدیلی لانا مقصود ہے تو اس پر پارلیمنٹ یا وفاقی کابینہ میں بحث ہونی چاہیے، کیونکہ اسی طریقے سے ادارے بھی مضبوط ہوں گے اور تبدیلی بھی آئینی عمل کے ذریعے آئے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ محسن نقوی خود پارلیمنٹ کے رکن اور وفاقی کابینہ کے اہم رکن ہیں، لیکن وہ ان دونوں اداروں کے اجلاسوں میں کم شرکت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق آئینی اداروں کو غیر مؤثر بنا کر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے ایسے اہم سیاسی بیانات دینا، ان فورمز کے مقابلے میں کم مؤثر ہے جہاں آئینی اور قانونی طور پر ایسے معاملات پر بحث ہونی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ محسن نقوی گزشتہ ساڑھے تین برس سے انتہائی بااختیار عہدوں پر فائز ہیں، اگر وہ واقعی نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تو اس حوالے سے پہلے ہی عملی اقدامات کر سکتے تھے۔ خواجہ آصف نے اپنے بیان میں نیشنل ایکشن پلان کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیشنل ایکشن پلان کے 13 نکات کا ذکر کیا تھا، جن میں سے ایک نکتے پر، جو مسلح افواج کی ذمہ داری تھا، جانوں کی قربانیوں کے ساتھ عمل کیا گیا، جبکہ باقی 12 نکات پر عمل درآمد وزارتِ داخلہ کی ذمہ داری ہے، جس پر اب تک خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واقعی نظام میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو اس کی شروعات نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد اور اپنی وزارت سے کریں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ صرف تاجر برادری ہی نہیں بلکہ پوری قوم بھی ایسی مثبت تبدیلی میں ان کا ساتھ دے گی۔