نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نوجوانوں کے شدید احتجاج کے بعد امتحانی پیپر لیک میں ملوث افراد کو جلد اور سخت سزا دینے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مودی نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کا مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپر لیک میں ملوث افراد کو فوری اور سخت سزا یقینی بنانے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جائیں گی اور جو لوگ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلیں گے، انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب نوجوانوں کی جماعت کاکروچ جنتا پارٹی (سی جی پی) کے ترجمان اشوتوش رانکا نے مودی کے اعلان کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری احتجاج کے بعد اس معاملے کا نوٹس لیا ہے، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ پیپر لیک آخر کیوں ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپر لیک کا بنیادی سبب تعلیمی نظام میں نااہلی اور کرپشن ہے، اس لیے وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے تک احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔
0 تبصرے