اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سعودی عرب کے بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کے بحری ٹینکروں پر حملے کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، جبکہ عالمی تیل کی رسد میں رکاوٹ ڈالنا بین الاقوامی قوانین اور سمندری آزادی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں بلکہ عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
0 تبصرے