کراچی (پ ر) صاحبزادہ مولانا حافظ عبدالمجید، جانشینِ قادر مسجد و مدرسہ تعلیم القرآن کراچی، نے سید امتیاز الحق بخاری ،سید معاذ الحق بخاری اور دیگر اہم رفقاء کے ہمراہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KW&SC) کے حال ہی میں قائم کردہ واٹر بورڈ پولیس اسٹیشن کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے واٹر کارپوریشن کے چیف سیکیورٹی آفیسر جواد شاھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اور ادارے کی جانب سے پانی چوری کے خاتمے اور واٹر مافیا کے خلاف جاری سخت کارروائیوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران، وفد نے واٹر بورڈ کے علاقے میں پانی کی فراہمی کی مجموعی صورتحال، آئرن ملا پانی کے مسائل، ٹینکر مافیا کی غیر قانونی سرگرمیوں اور ان کی وجہ سے عوام کو درپیش شدید مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے اور فعال پولیس اسٹیشن کے قیام اور تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی باہمی کاوشوں سے ٹینکر مافیا کی حوصلہ شکنی ہوگی، قانون کی عملداری مزید مضبوط ہوگی اور شہریوں کو پانی کی بہتر سہولیات اور ریلیف فراہم کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔
اس موقع پر انہوں نے کراچی میں امن، انصاف اور عوامی فلاح کے لیے کی جانے والی تمام مثبت اور مخلصانہ کاوشوں میں برکت اور کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔
واٹر مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری: چیف سیکیورٹی آفیسر کا بریفنگ
ملاقات کے دوران واٹر کارپوریشن کے چیف سیکیورٹی آفیسر جواد شاھ نے وفد کو آگاہ کیا کہ چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے واضح وژن اور ایم ڈی / سی ای او احمد علی صدیقی کے احکامات کے مطابق، کراچی کے شہریوں کے پانی کے حق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ واٹر مافیا، غیر قانونی ہائیڈرنٹس، غیر مجاز کنکشنز اور پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت ترین کارروائیاں ادارے کی اولین ترجیح ہیں
انہوں نے مزید بتایا کہ چیئرمین بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ذاتی دلچسپی اور مسلسل نگرانی میں پانی چوری کے خاتمے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر احمد علی صدیقی تمام اینٹی تھیفٹ آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کرتے ہیں اور متعلقہ افسران کو بروقت اور قانون کے مطابق احکامات جاری کرتے ہیں۔ جواد شاھ نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے پولیس اسٹیشن کے فعال ہونے اور اس کے ساتھ قائم خصوصی ٹریبونل کورٹ نے پانی چوری کے خلاف قانونی کارروائیوں کو مزید مؤثر، تیز اور منظم بنا دیا ہے۔ اس سے مقدمات کے اندراج، ملزمان کی گرفتاری، شواہد کی تکمیل اور قانونی کارروائی کا عمل انتہائی سرعت سے مکمل کیا جا رہا ہے، جس سے قانون شکنی میں ملوث عناصر کا کڑا احتساب ممکن ہو رہا ہے
چیف سیکیورٹی آفیسر نے واضح کیا کہ کارروائیاں پولیس، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ تکنیکی شعبوں کے ساتھ قریبی رابطے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جاتی ہیں، جس سے واٹر مافیا کے نیٹ ورک کو نمایاں نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پانی چوری، غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور دیگر مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع واٹر کارپوریشن کو دیں تاکہ فوری کارروائی کرکے شہریوں کے پانی کے حق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ واٹر کارپوریشن اس عزم کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی کہ کراچی کے ہر شہری تک اس کے حصے کا پانی محفوظ، منصفانہ اور بلا تعطل پہنچایا جائے۔
0 تبصرے