واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی تازہ رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے خفیہ طور پر ایران پر حملے کیے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے جنگ کے دوران ایران کے لاوان جزیرے پر قائم آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہاں خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور ریفائنری عارضی طور پر بند ہو گئی۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ حملہ اپریل کے آغاز میں اس وقت کیا گیا جب امریکی صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کرنے والے تھے۔
اخبار کے مطابق ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ امریکا نے خاموشی سے جنگ میں یو اے ای کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایران نے ان حملوں کے جواب میں یو اے ای اور کویت پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایران نے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ 2800 حملے یو اے ای پر کیے، جو اسرائیل پر کیے گئے حملوں سے بھی زیادہ تھے۔
ذرائع کے مطابق ان حملوں کے باعث یو اے ای کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچا، ملازمین کی برطرفیوں اور جبری چھٹیوں میں اضافہ ہوا، جبکہ ملک کی سیکیورٹی حکمت عملی میں بھی بنیادی تبدیلی آئی ہے۔
0 تبصرے