اوپن یونیورسٹی کے ملازمین کے لیے مفت کارڈیک اسکریننگ پروگرام کا آغاز

بروقت تشخیص سے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں: ڈاکٹر ناصر محمود

اوپن یونیورسٹی کے ملازمین کے لیے مفت کارڈیک اسکریننگ پروگرام کا آغاز

اسلام آباد، 29 اپریل: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملازمین کی صحت کو درپیش خطرات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایک اہم اور بروقت اقدام کے طور پر یونیورسٹی کے ہیلتھ کیئر سینٹر میں مفت کارڈیک اسکریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں دل کے امراض کے باعث چند ملازمین کی اچانک وفات کے بعد وائس چانسلر نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اس پروگرام کی فوری منظوری دی اور اس کے فوری نفاذ کو یقینی بنایا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ بروقت تشخیص نہ صرف بیماریوں کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ملازمین کی صحت کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کرے گی اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ اس پروگرام کو ہنگامی بنیادوں پر ریجنل کیمپسز تک توسیع دی جائے تاکہ دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین بھی اس سہولت سے فوری طور پر مستفید ہو سکیں۔ وائس چانسلر نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اسکریننگ کے بعد جن ملازمین میں دل کے امراض کے خدشات سامنے آئیں، انہیں فوری طور پر ماہر امراض قلب کے پاس ریفر کیا جائے اور ان کے مکمل علاج کے اخراجات یونیورسٹی برداشت کرے۔ پروگرام کے تحت تقریباً 800 ملازمین کے ابتدائی طبی ٹیسٹ مرحلہ وار کیے جائیں گے، جس کے لیے 20 بیچز تشکیل دیے گئے ہیں۔ ان ٹیسٹس کی رپورٹس یونیورسٹی کے ہیلتھ کیئر سینٹر کی ڈاکٹر شعیرہ کبشہ کو پیش کی جائیں گی، جو ہر کیس کا تفصیلی جائزہ لے کر مزید رہنمائی فراہم کریں گی۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن، پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ نے کہا کہ اس پروگرام کو مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے لیے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ تمام ملازمین کی بروقت اسکریننگ یقینی بنائی جا سکے۔ ڈاکٹر شعیرہ کبشہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ارلی ڈیٹیکشن کے ذریعے نہ صرف بیماریوں کی شدت کو کم کیا جا سکتا ہے بلکہ طویل المدتی پیچیدگیوں سے بھی بچا جا سکتا ہے، جو کہ ملازمین کی مجموعی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے تمام پرنسپل افسران، فیکلٹی آف سائنس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد، ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان، رجسٹرار راجہ عمر یونس سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔