ممبئی (ویب ڈیسک): بالی ووڈ اداکارہ اور آئی پی ایل فرنچائز پنجاب کنگز کی شریک مالک پریتی زنٹا نے اپنی شناخت کے غیرقانونی استعمال، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کی گئی ڈیپ فیک ویڈیوز، تبدیل شدہ تصاویر اور دیگر ڈیجیٹل مواد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
پریتی زنٹا نے گوگل، میٹا، ڈومین رجسٹرارز اور دیگر فریقین کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر ان کی شناخت، تصاویر اور چہرے کو استعمال کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈیپ فیک اور تبدیل شدہ مواد آن لائن شیئر کیا گیا، جس سے ان کی ساکھ اور رازداری متاثر ہوئی ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران بمبئی ہائی کورٹ نے گوگل اور میٹا کو ہدایت کی کہ وہ ایسا مؤثر نظام تیار کریں، جس کے ذریعے غیرقانونی مواد کی درست نشاندہی کر کے اسے ہٹایا جا سکے، جبکہ قانونی اور جائز مواد محفوظ رہے۔
پریتی زنٹا کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ تمام ویب سائٹس اور آن لائن پلیٹ فارمز کو ہدایت دی جائے کہ وہ نشاندہی کیے گئے غیرقانونی مواد کو فوری طور پر ہٹا دیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مواد ان کے شخصی، اخلاقی اور رازداری کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب گوگل اور میٹا کے وکلاء نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کمپنیاں تبدیل شدہ یا فحش نوعیت کے مواد کے لنکس ہٹانے کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ پریتی زنٹا متعلقہ مخصوص یو آر ایل کی نشاندہی کریں۔
اس کے علاوہ کمپنیوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ایسا وسیع حکم جاری نہ کیا جائے، جس کے تحت آن لائن پلیٹ فارمز کو ہر وقت ہر قسم کے مواد کی نگرانی یا اسے ہٹانے کا پابند بنایا جائے۔
سماعت کے دوران جسٹس مادھو جمادار نے ریمارکس دیے کہ عدالت کا ہر حکم ایسا ہونا چاہیے جس سے صرف قابلِ اعتراض مواد ہی ہٹایا جائے، جبکہ اصل، قانونی اور جائز آن لائن مواد متاثر نہ ہو۔
0 تبصرے