کم عمر خواتین میں بڑھتے کینسر کے خطرے کی وجہ کیا ہے؟ ماہرین نے چونکا دیا

کم عمر خواتین میں بڑھتے کینسر کے خطرے کی وجہ کیا ہے؟ ماہرین نے چونکا دیا

ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نیند کی کمی (اوجاگے) کا کم عمر خواتین میں مختلف اقسام کے کینسر کے خطرے سے ممکنہ تعلق ہو سکتا ہے۔ امریکا میں 2021 سے 2026 کے دوران کی جانے والی ایک تحقیق میں ایک کروڑ 90 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جن میں سے 4 لاکھ 13 ہزار افراد نیند کی کمی کا شکار تھے۔ یہ تحقیق نیو جرسی اور لوزیانا کے سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر انجام دی، جس سے معلوم ہوا کہ 50 سال سے کم عمر خواتین میں چھاتی، رحم اور بیضہ دانی کے کینسر کا خطرہ نمایاں طور پر زیادہ ہو سکتا ہے۔ محققین کا خیال ہے کہ نیند کی خرابی جسم میں ہارمونز کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے، جو کینسر کے خطرے میں اضافے کی ایک ممکنہ وجہ بن سکتی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ نیند کی کمی مردوں اور خواتین دونوں میں بڑی آنت کے کینسر کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہے۔ ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اس تحقیق سے صرف دونوں چیزوں کے درمیان تعلق کا ثبوت ملا ہے، تاہم یہ ثابت نہیں ہوتا کہ نیند کی کمی براہِ راست کینسر کا سبب بنتی ہے۔ اس کے باوجود نتائج اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ بہتر نیند اور صحت مند طرزِ زندگی مستقبل میں کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔