سحری میں توانائی اور پانی کی کمی سے بچنے کے لیے کون سی غذائیں استعمال کریں؟

سحری میں توانائی اور پانی کی کمی سے بچنے کے لیے کون سی غذائیں استعمال کریں؟

ملک میں رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ مہینہ دیگر پہلوؤں کے ساتھ صحت کے لیے بھی نہایت اہم ہوتا ہے۔ اس پورے مہینے میں لوگوں کی خوراک اور نیند کی عادات بدل جاتی ہیں اور لاپرواہی کی صورت میں صحت پر منفی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ اس بار رمضان میں شدید گرمی کا امکان کم ہے، تاہم پھر بھی جسم میں پانی کی کمی (ڈی ہائیڈریشن) کا خدشہ موجود رہتا ہے۔ اس لیے سحری میں ایسی غذاؤں کا انتخاب ضروری ہے جو توانائی برقرار رکھنے کے ساتھ جسم کو پانی کی کمی سے بھی بچائیں۔ سحری میں ہلکی اور متوازن غذا کا انتخاب کریں جو معدے پر بوجھ نہ بنے، جیسے سبزیاں، دالیں، دہی، کیلے، کھیرا، ٹماٹر اور تربوز وغیرہ۔ یہ غذائیں جسم میں پانی کی مقدار برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہیں اور توانائی بھی فراہم کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ سحری میں ایک سے دو کھجوریں ضرور کھائیں، کیونکہ ان میں کاپر اور میگنیشیم سمیت اہم غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں، اور ان کی قدرتی مٹھاس گلوکوز میں تبدیل ہو کر فوری توانائی فراہم کرتی ہے۔ سحری کے وقت زیادہ مرچ، نمک اور میٹھے والی غذاؤں سے پرہیز کریں، کیونکہ یہ پیاس میں اضافہ کرتی ہیں۔ پانی مناسب مقدار میں پینا نہ بھولیں، کیونکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کا سب سے آسان اور مؤثر طریقہ پانی کا درست استعمال ہے۔ یاد رکھیں، نیند کی وجہ سے سحری ہرگز ترک نہ کریں، کیونکہ یہی کھانا پورے دن کی جسمانی ضروریات کے لیے نہایت اہم ہوتا ہے۔