وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان

وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وعدے کے مطابق جتنا ممکن ہوا مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے، عالمی معیشت پر دباؤ کے سبب پاکستان کی معیشت پر بھی گہرے اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بروقت حکمت عملی اور مالی نظم و ضبط کے ساتھ صورتحال کا مقابلہ کرنے کی کوشش جاری ہے، مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے اشرافیہ اور حکومت سے آغاز کرنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ وفاقی حکومت کے بچت اقدامات میں صوبائی حکومتیں بھی ساتھ دے رہی ہیں، اللہ کے کرم اور سفارتی و معاشی ٹیم کی کوششوں سے خام تیل کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار موجود ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مقررہ قیمت سے زائد وصولی کی روک تھام کو یقینی بنا رہی ہیں، دعا ہے کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔