پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے ترجمان عمیر مولا بخش چانڈیو نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت نے ایک اور پیٹرول بم گرا کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے غریب اور متوسط طبقے پر یہ فیصلہ کسی ظلم سے کم نہیں۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا بلکہ اشیائے خوردونوش سمیت روزمرہ استعمال کی تمام چیزیں مزید مہنگی ہو جائیں گی، جس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان جنم لے گا۔
عمیر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اس فیصلے کے باعث غریب عوام کے لیے رمضان المبارک اور آنے والی عید کی خوشیاں منانا مزید مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق کی آواز رہی ہے اور عوام دشمن فیصلوں کے خلاف ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے مہنگائی کم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
0 تبصرے