میرپورخاص، وانا وزیرستان حملے میں شہید فوجی جوان آفتاب علی پنہور کی نماز جنازہ ادا، صوبائی وزیر ذوالفقار علی شاہ کی شرکت

میرپورخاص، وانا وزیرستان حملے میں شہید فوجی جوان آفتاب علی پنہور کی نماز جنازہ ادا، صوبائی وزیر ذوالفقار علی شاہ کی شرکت

میرپورخاص؛ میرپورخاص میں گزشتہ روز وانا وزیرستان میں فتنة الخوارج کے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان آفتاب علی پنہور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے خصوصی شرکت کی اور شہید جوان کو خراج عقیدت پیش کیا۔نماز جنازہ میں بریگیڈیئر نعمان، پاک فوج کے دیگر افسران، سول و عسکری شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماں سمیت بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر فضا "پاکستان زندہ باد" اور "شہید کی جو موت ہے قوم کی حیات ہے" کے نعروں سے گونج اٹھی۔صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے شہید جوان آفتاب علی پنہور کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ شہید نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے عظیم قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آفتاب پنہور کی شہادت پر ان کے والدین سمیت پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مادر وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں، قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ فتنة الخوارج کے ناپاک عزائم کو ہمارے بہادر جوان اپنی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ناکام بنا رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید جوان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئی۔