ایک ملزم نے گاڑی کے آگے موٹرسائیکل لٹا دی، ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیٹرول پمپ کے مالک کو ٹانگ پر گولی مار دی گئی
کراچی ؛ کراچی میں نیوسبزی منڈی کے مرکزی گیٹ کے سامنے ڈکیتی کی واردات ہوئی، مسلح ملزمان پیٹرول پمپ کے مالک کو گولی مار کر 75 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں 3 ملزمان کو موٹرسائیکل پر سفید کار کا پیچھا کرتے دیکھا گیا۔اسلحے کے زور پر ملزمان نے گاڑی کو روکا، ایک ملزم نے گاڑی کے آگے موٹرسائیکل لٹا دی، ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیٹرول پمپ کے مالک کو ٹانگ پر گولی مار دی گئی۔ جاتے جاتے دونوں ملزمان گاڑی کے پچھلے ٹائر پر مسلسل گولیاں چلاتے رہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے گاڑی سے 75 لاکھ روپے نکالے اور پیدل سپرہائی وے پر بھاگے، جائیوقوع پر موجود شہری سے ملزمان نے موٹرسائیکل چھینی اور اس پر فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی پیٹرول پمپ کے مالک کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اس حوالے سے آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں، تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
0 تبصرے