ایک گھر کی قیمت 20 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز (57 ارب 85 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سب سے مہنگا گھر فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے جس کی قیمت دنگ کر دینے والی ہے۔
خیال رہے کہ دبئی میں زمین کی کمی کے باعث پوش علاقوں میں جائیدادوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور وہاں دنیا کے امیر ترین افراد زمین پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق دبئی کے علاقے ایمریٹس ہل میں ایک گھر فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے جس کی قیمت 20 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز (57 ارب 85 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔
یہ گھر 60 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں 5 بیڈ رومز موجود ہیں۔
اس گھر کا سب سے بڑا بیڈروم ہی 4 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا ہوا ہے یعنی متعدد گھروں سے بھی زیادہ بڑا ہے۔
گھر کی نچلی منزل میں کھانے اور انٹرٹینمنٹ کے لیے کمرے موجود ہیں جبکہ گیراج میں 15 گاڑیاں کھڑی کی جاسکتی ہیں۔
گھر کے اندر اور باہر سوئمنگ پولز موجود ہیں جبکہ مونگوں سے بنا ایک ایکوریم بھی اس کا حصہ ہے۔
اس گھر کو ماربل پیلس کا نام دیا گیا ہے اور اس کی تعمیر میں 12 سال کا عرصہ لگا۔
اس کی تعمیر 2018 میں مکمل ہوئی تھی اور اسے بنانے کے لیے 2 کروڑ 72 لاکھ ڈالرز سے زائد خرچ کیے گئے تھے۔
اسے فروخت کرنے والے کمپنی کے مطابق سونے کے پتوں پر مبنی 7 لاکھ شیٹس کو گھر میں لگایا گیا ہے جبکہ 400 آرٹ کے نمونے بھی گھر کا حصہ ہیں۔
آرٹ کے نمونوں میں زیادہ تر 19 اور 20 ویں صدی کے مجسمے اور پینٹنگز شامل ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ گھر کے مالک آرٹ کے نمونوں کی فروخت کے حوالے سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
0 تبصرے