عورت کے اغوا، زیادتی اور قتل کیس میں ملزم کو عمر قید

عورت کے اغوا، زیادتی اور قتل کیس میں ملزم کو عمر قید

کراچی (رپورٹر) کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی ارشاد حسین کی عدالت نے ڈیفنس کے علاقے سے ایک خاتون کو اغوا، زیادتی اور قتل کرنے کے کیس میں ملزم فیاض کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے ملزم پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا اور حکم دیا کہ جرمانے کی رقم مقتولہ کے ورثا کو ادا کی جائے۔ دوسری جانب عدالت نے شواہد کی کمی کے باعث کیس میں نامزد شریک ملزمہ نسرین کو بری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نسرین کے خلاف کوئی مضبوط ثبوت سامنے نہیں آیا اور صرف شریک ملزم کے بیان کی بنیاد پر سزا نہیں دی جا سکتی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم فیاض نے نومبر 2020 میں ڈیفنس فیز 7 سے انصار بی بی کو لالچ دے کر اغوا کیا اور انہیں ابراہیم حیدری لے گیا، جہاں اس نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔ واقعے کے تقریباً ایک ماہ بعد مقتولہ کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد مقدمہ گزری پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔