میٹا نے ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد ٹِک ٹاک اور یوٹیوب پر مشہور صارفین کو فیس بک کی طرف لانا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے کمپنی صارفین کو زیادہ آمدنی اور بڑے ناظرین تک رسائی کی پیشکش کرے گی۔
"کریئیٹر فاسٹ ٹریک پروگرام" کے تحت، ٹِک ٹاک یا یوٹیوب پر مشہور شخصیات کو فیس بک پر ماہانہ آمدنی اور زیادہ آڈینس تک پہنچ فراہم کی جائے گی۔
اگر آپ کے پاس انسٹاگرام، ٹِک ٹاک یا یوٹیوب پر 1 لاکھ فالوورز ہیں تو فاسٹ ٹریک پروگرام کے تحت آپ کو ماہانہ 1,000 ڈالر ملیں گے۔
جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ فالوورز رکھنے والوں کو ماہانہ 3,000 ڈالر ادا کیے جائیں گے۔
اس کے لیے شرط یہ ہے کہ صارف اپنا مواد یا ویڈیوز فیس بک پر پوسٹ کرے۔
یہ پروگرام ابتدائی طور پر 3 مہینے کے لیے 1,000 سے 3,000 ڈالر ماہانہ آمدنی کی ضمانت دیتا ہے، جس کے بعد کریئیٹرز کو فیس بک کے کنٹینٹ مونیٹائزیشن پروگرام تک رسائی دی جائے گی اور مزید ناظرین تک پہنچ بھی جاری رہے گی۔
یہ اعلان میٹا کی جانب سے مزید لوگوں کو فیس بک کی طرف راغب کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔ کمپنی کے مطابق، 2025 میں صارفین کو 3 ارب ڈالر ادا کیے گئے، جو 2024 کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہیں۔ ان میں سے 60 فیصد ادائیگیاں ریلز مواد کے لیے کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں فیس بک کے 3 ارب سے زیادہ صارفین ہیں، لیکن کمپنی مشہور کریئیٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، کیونکہ وہ ٹِک ٹاک اور یوٹیوب کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔
فاسٹ ٹریک پروگرام میں شامل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ صارف 30 دن کے اندر کم از کم 15 ریلز شیئر کرے اور ویڈیوز کم از کم 10 مختلف دنوں پر پوسٹ ہوں۔
یہ بھی ضروری نہیں کہ مواد صرف فیس بک کے لیے ہو، بلکہ یہ صارف کا اپنا تخلیق کردہ ہونا چاہیے، خواہ اسے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے بنایا گیا ہو۔
0 تبصرے