بھاٹی گیٹ میں ماں بیٹی کے سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے میں ورثا نے پولیس پر سادہ کاغذ پر زبردستی انگوٹھے لگوانے کا الزام عائد کردیا۔
لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں ماں بیٹی کے سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کے بعد ایک نیا تنازع سامنے آ گیا ہے، جہاں متاثرہ خاتون کے والد ساجد حسین سے مبینہ طور پر پولیس نے سادہ کاغذ پر زبردستی دستخط اور انگوٹھے لگوائے۔ اس حوالے سے تھانے میں انگوٹھا لگوانے کے بعد کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے۔
ورثا کا کہنا ہے کہ یہ انگوٹھے معطل اور گرفتار سرکاری اہلکاروں کو ریلیف دینے کے لیے لیے گئے، جبکہ پولیس اہلکار کاغذات زبردستی ساتھ لے گئے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگوٹھے کسی کو ریلیف دینے کے لیے نہیں بلکہ مقدمے کی درخواست میں تصحیح کے لیے لیے گئے۔
واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر مقدمے میں نامزد پروجیکٹ منیجر، سیفٹی انچارج اور سائٹ انچارج سمیت 5 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ یاد رہے کہ ابتدا میں انتظامیہ اور پولیس نے واقعے کو دبانے، حادثے سے انکار اور معاملے کو گھریلو جھگڑے کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی، تاہم شدید عوامی ردعمل کے بعد کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
0 تبصرے